فتوے
پرندوں کو دانہ،بلی،کوا کو گوشت کھلانے کا حکم
سوال
چوراہوں میں پرندوں کو دانہ پانی ڈالنا کیسا ہے ؟اس پر ثواب ملتاہے یا نہیں ؟نیز کوا ،بلی،کتے کو پھیپڑے وغیرہ ڈالنا کیسا ہے؟
جواب
چوراہوں پر پرندوں کو دانہ پانی ڈالنا ،یاکوا ،بلی ،کتے وغیرہ کو گوشت اورپھیپڑے ڈالنا جائز ہے اور کار ثواب ہے لیکن قرآن وحدیث صدقہ و خیرات اور اس کے اجر و ثواب کو جو ذکر ہے وہ انسانوں کے لئے ہے۔نیز واجبی صدقات مثلا زکوۃ ،کفارہ ،صدقہ فطر وغیرہ کی رقم پرندوں اور جانورو ں پر خرچ کرنا جائز نہیں ہے بلکہ مستحق مسلمان شخص کو دینا ضروری ہے۔
فتاوی محمودیہ میں ہے:
چڑیوں کو ڈانہ ڈالنا اور نیت کرنا کہ اللہ تعالیٰ میری مشکلات دور فرمائے،گناہ نہیں ،مگر ضرورت مند انسان صدقہ کے زیادہ مستحق ہیں ،ایک پیاسے کتے کو کسی نے پانی پلادیا تھا تو اس کی بخشش ہوگئی تھی۔
(کتاب العقائد ،باب البدعات3/301 ط فاروقیہ )
دارالافتاء جامعۃ العلوم الاسلامیۃ جامعہ بنوری ٹاؤن کی ویب سائٹ میں ہے:
نفلی صدقہ کا گوشت چھیچھڑا وغیرہ پرندوں (چیل ، کوا وغیرہ) کو کھلانا جائز ہے اور اس پر ثواب بھی ملے گا، البتہ صدقاتِ واجبہ (زکاۃ، صدقہ فطر اور کفارات وغیرہ) کا گوشت مستحق انسان کو ہی کھلانا لازمی ہے، صدقاتِ واجبہ کا گوشت وغیرہ کسی بھی جانور یا پرندے کو کھلانا جائز نہیں ہے۔
فتوی نمبر : 144012201155۔ دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن
واللہ سبحانہ وتعالیٰ اعلم بالصواب
دارالافتاء مدرسہ عارف العلوم کراچی
20 نومبر 2019ء/22ربیع الاول 1441ھ فتویٰ نمبر: 2
