

حفاظ ایجوکیشن سسٹم
حفاظ ایجوکیشن سسٹم
جو بچے قرآن پاک مکمل حفظ کرکے اس کا سالانہ امتحان دے کر اپنا تعلیمی سلسلہ کو مزید جاری رکھنے چاہتے ہیں، ایسے بچوں کے لیے "حفاظ ایجوکیشن سسٹم" کے تحت چار/پانچ سال کے مختصر عرصہ میں میٹرک سائنس مع درس نظامی کا پہلا سال یعنی درجہ اولیٰ (معہد عربی) میں کروایا جاتا ہے۔ میٹرک سے فارغ ہونے کے بعد مذکورہ بچوں کو درجہ ثانیہ (معہد عربی) میں منتقل کرکے ان کو درس نظامی معہد عربی میں کروایا جاتا ہے۔ اس سسٹم کو مندرجہ ذیل مرحلہ وار تقسیم کیا گیا ہے:
پری حفاظ:
حفظ اور گردان سے فارغ ہونے والے طالب علم نے اگر اسکول کی تعلیم بالکل حاصل نہیں کی تو اس کو "پری حفاظ" میں داخلہ دیا جاتا ہے۔ ایک سال کے مختصر عرصہ میں اس کو پرائمری تک کی تعلیم دی جاتی ہے۔ اس کلاس میں داخلہ کی شرط یہ ہے کہ بچہ حافظ قرآن ہو اور زیادہ سے زیادہ اس کی عمر 12 سال ہو۔
حفاظ عربک:
حفظ اور گردان سے فارغ ہونے والا طالب علم اگر پرائمری کی استعداد رکھتا ہے تو اس کو "حفاظ عربک" میں داخلہ دیا جاتا ہے۔ ایک سال کے قلیل عرصہ میں بچہ عربی سمجھنا اور بولنا شروع کر دیتا ہے، 70 سے 80 فیصد قرآن پاک کا ترجمہ کرنے کی صلاحیت پیدا ہو جاتی ہے، عربی گرامر (صرف و نحو) سے مناسبت ہو جاتی ہے، اور ساتھ ساتھ ایک گھنٹہ عصری علوم (انگلش، ریاضی، اردو) کا بھی سلسلہ جاری رہتا ہے۔ اس کلاس میں داخلہ کی شرائط یہ ہیں کہ بچہ حافظ قرآن ہو، زیادہ سے زیادہ 13 سال عمر ہو، اور پرائمری کی استعداد ہو۔
حفاظ انگلش:
جو بچے حفاظ عربک کی تعلیم مکمل کر لیتے ہیں، ان کو "حفاظ انگلش" میں منتقل کر دیا جاتا ہے۔ اس کلاس میں ایک سال کے قلیل عرصہ میں انگریزی بولنا، سمجھنا اور لکھنے کی صلاحیت پیدا ہو جاتی ہے، اور ساتھ ساتھ مڈل (8th کلاس) کی تعلیم بھی مکمل ہو جاتی ہے۔
9th کلاس:
حفاظ انگلش کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد طالب علم نویں کلاس میں داخل ہو جاتا ہے۔ نویں کلاس کے مضامین کراچی میٹرک بورڈ کے تحت گروپ سائنس سے تیاری کروائی جاتی ہے۔ نویں کلاس کے ساتھ ساتھ درس نظامی (درجہ اولیٰ) کی تعلیم بھی شروع ہو جاتی ہے۔ اس سال بچہ درجہ اولیٰ کی مکمل صرف بھی پڑھ لیتا ہے۔
10th کلاس:
نویں جماعت مکمل ہونے کے بعد بچہ جماعت دہم میں داخل ہو جاتا ہے۔ جماعت دہم کی مکمل تیاری کے ساتھ ساتھ بچہ درجہ اولیٰ کی نحو اور فقہ مکمل کر لیتا ہے۔ یوں بچہ میٹرک کے ساتھ ساتھ معہد عربی (عربی میڈیم) میں درجہ اولیٰ کی تعلیم بھی حاصل کر لیتا ہے۔ میٹرک کے بعد بچہ درس نظامی میں درجہ ثانیہ معہد عربی (عربی میڈیم) میں داخل ہو جاتا ہے۔ اس کے بعد درس نظامی کی مکمل تعلیم میں مشغول ہو جاتا ہے۔