

قرآن مجید کی تعلیم (بنین و بنات)
قرآن مجید کی تعلیم (بنین و بنات)
پہلا مرحلہ: شعبہ قاعدہ
مدرسہ عارف العلوم کا شعبۂ قاعدہ منفرد نظام تعلیم کی وجہ سے شہرت کا حامل ہے۔ تقریباً چھ ماہ کے عرصے میں ذی استعداد طالب علم کو قواعد کے ساتھ قاعدہ مکمل کروانے کی کوشش کی جاتی ہے اوراجراء بھی کروایا جاتا ہے جس سے طلبہ میں یہ صلاحیت پیدا کی جاتی ہے کہ وہ قواعدِ تجوید کے ساتھ قرآن مجید روانی سے پڑھ سکیں، دیگر مدارس سے آنے والے طلبہ کا ٹیسٹ لیا جاتا ہے اور ادائیگی کمزور ہونے کی بناء پر شعبۂ قاعدہ میں ہی داخلہ دیا جاتا ہے، جو ادائیگی اور تجوید کو بہتر بنانے کے لیے نہایت مفید و معاون ثابت ہوتا ہے۔
دوسرا مرحلہ: شعبہ ناظرہ
حفظ کرنے والے طالب علم کے لیے ناظرہ قرآن مجید سیکھنا نہایت لازمی اور ضروری ہے، ورنہ حفظ کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔ لہٰذا قاعدہ پڑھنے والے بچوں کو ناظرہ قرآن مجید تجویدی اجراء کے ساتھ تین پارے تک پڑھایا جاتا ہے۔ الحمدﷲ! تین پارے پڑھنے کے بعد طالب علم پورے قرآن سے قواعد ِ تجوید کے مطابق ناظرہ قرآن پڑھنے کی صلاحیت حاصل کرلیتا ہے۔ ٹیسٹ کے بعد اسے شعبۂ حفظ میں منتقل کردیا جاتا ہے۔
تیسرا مرحلہ: شعبہ حفظ
قرآن کریم حفظ کرنا انتہائی محنت طلب اور قابل توجہ عمل ہے۔ اس سلسلے میں استاذ، طالب علم، سرپرست اور ادارہ، چاروں عوامل کا کردار بہت اہم ہوتا ہے۔ ان عوامل میں سے کسی کی بھی کمزوری سے مطلوبہ نتائج کا حصول مشکل ہوجاتا ہے اور ذرا سی غفلت سے کافی نقصان کا اندیشہ پیدا ہوجاتا ہے۔ ادارہ نے بہترین نتائج کے حصول کے لیے بہترین تعلیمی اور انتظامی پروگرام مرتب کیا ہے، جس کے ذریعے ہر طالب علم کی بھرپور نگرانی کی جاتی ہے، یومیہ، ماہانہ، چار ماہی اور سالانہ رپورٹ تیار کی جاتی ہے، سبق کی رفتار اور مقدار پر مستقل توجہ دی جاتی ہے، منزل کی کیفیت اور اس کی پختگی کے لیے مستقل اقدامات کیے جاتے ہیں۔ حفظ میں کمزوری سامنے آتے ہی اسباب پر غور و خوص کرکے باہمی مشاورت اور مناسب حکمت عملی کے ذریعے اس کا سدباب کیا جاتا ہے۔
چوتھا مرحلہ: گردان
قرآن شریف حفظ کرنے کے بعد اس کی پختگی کے لیے قرآن مجید کا دور لازمی ہوتا ہے، اس عمل کو گردان کہا جاتا ہے۔ گردان کی اہمیت اور ضرورت کے پیشِ نظر ادارے میں باقاعدہ ایک شعبہ قائم کیا گیا ہے۔ جس میں طلبہ کو آٹھ ماہ سے ایک سال کے عرصے تک قرآن مجید کی گردان کرائی جاتی ہے۔ دورانِ گردان تجوید اور لہجہ پر بھی بھرپور توجہ دی جاتی ہے۔ اس شعبہ کے طلبہ سالانہ امتحان دینی مدارس کے بورڈ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے تحت دیتے ہیں۔ اس شعبہ کے طلبہ ادارے کے سالانہ (مسابقہ کامل الحفظ مع التجوید) اور ملکی سطح پر منعقد ہونے والے مسابقوں میں حصہ لیتے ہیں۔ اس کے لیے انہیں خاص طور پر تیاری کرائی جاتی ہے اور الحمدﷲ ادارے کے طلبہ نے ان مقابلوں میں کئی اعزازات حاصل کیے ہیں۔