info@bismillah.com +(00) 123-345-11

مدرسہ عارف العلوم

فتوے

Banner

میں آزاد کیتا جا نکل جاؤ گھر سے

سوال

اسلام علیکم میں سعودی عرب میں مقیم ہوں۔ ایک گھریلو ماں اور بیوی جھگڑے کے دوران فون پر میں نے اپنی بیوی سے پنجابی میں کئی مرتبہ کہا: ’’میں آزاد کیتا جا نکل جاؤ گھر سے‘‘۔ میری نیت طلاق دینے کی نہیں تھی، بلکہ جھگڑا ختم کرنے اور بیوی کو اپنے گھر بھیجنے کی تھی۔ یہ الفاظ غصے کی حالت میں کہے گئے۔ میں نے لفظ ’’طلاق‘‘ استعمال نہیں کیا۔ یہ میری پہلی مرتبہ کا واقعہ ہے۔ ایک دارالافتاء سے مجھے طلاقِ بائن واقع ہونے کا فتویٰ دیا گیا ہے۔ میری بیوی حاملہ بھی ہے۔ براہِ کرم فقہ حنفی کے مطابق رہنمائی فرمائیں: 1. کیا ان الفاظ سے شرعاً طلاقِ بائن واقع ہوئی ہے، جبکہ میری بیان کردہ نیت طلاق کی نہیں تھی؟ 2. اگر طلاقِ بائن واقع ہوئی ہے تو کیا پہلے شوہر اور بیوی کے درمیان نئے مہر اور شرعی ایجاب و قبول کے ساتھ تجدیدِ نکاح ہو سکتی ہے؟ 3. کیا حمل کی موجودہ حالت میں تجدیدِ نکاح کی اجازت ہے، یا بچے کی پیدائش تک انتظار ضروری ہے؟ اللہ تعالیٰ آپ کو جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین۔

جواب

واضح رہے کہ طلاق کے بعض الفاظ” صريح “ہوتے ہیں جن کے ادا کرنے سے قرینہ پائے جانے کے وقت طلاق واقع ہوجاتی ہے چاہے طلاق کی نیت نہ بھی ہو،اور کہنے والے کو اس کا علم ہو یا نہ ہو ہر صورت میں طلاق واقع ہوجاتی ہے ۔اردو زبان میں” میں نے آپ کو آزاد کیا“اور پنچابی زبان میں اس کا ترجمہ ” میں آزاد کیتا “یہ طلاق کے صریح  کنائی الفاظ میں سے ہے لہذا صورت مسولہ میں  جب سائل نے لڑائی جھگڑے کے دوران غصہ کی حالت میں اپنی بیوی کو کئی مرتبہ یہ الفاظ کہے کہ ” میں آزاد کیتاجا نکل جا گھر سے “ تو ان الفاظ سے سائل کی بیوی پر ایک طلاق بائن واقع ہوگی ہے اور طلاق بائن کے بعد مزید طلاق بائن واقع نہیں ہوتی اس لئے  مذکورہ الفاظ کئی مرتبہ کہنے کے باوجود بھی مزید طلاق بائن واقع نہیں ہوگی ، عورت  کی رضامندی  اور گواہوں کی موجودگی میں نئے مہر اور شرعی ایجاب وقبول (یعنی نکاح جدید)کے بغیر رجوع بھی نہیں ہوسکتا،نکاح جدید کے بعد شوہر کو دو طلاقوں کا اختیار باقی رہ جائے گا  بشرط یہ ہے کہ شوہر نے اس سے پہلے کوئی طلاق نہ دی ہو۔تجدید نکاح عدت کے دوران ( یعنی حالت حمل) میں بھی ہوسکتا ہے،اور عدت کے بعد بھی ہوسکتا ہے۔

فتاوی شامی میں ہے:

الْكِنَايَاتُ (لَا تَطْلُقُ بِهَا) قَضَاءً (إلَّا بِنِيَّةٍ أَوْ دَلَالَةِ الْحَالِ) وَهِيَ حَالَةُ مُذَاكَرَةِ الطَّلَاقِ أَوْ الْغَضَبِ

(کتاب الطلاق ،باب الکنایات 3/298 ط سعید )

(الصَّرِيحُ يَلْحَقُ الصَّرِيحَ وَ) يَلْحَقُ (الْبَائِنُ) بِشَرْطِ الْعِدَّةِ (وَالْبَائِنُ يَلْحَقُ الصَّرِيحَ) الصَّرِيحُ مَا لَا يَحْتَاجُ إلَى نِيَّةٍ بَائِنًا كَانَ الْوَاقِعُ بِهِ أَوْ رَجْعِيًّا فَتْحٌ، ۔۔۔۔۔۔۔(لَا) يَلْحَقُ الْبَائِنُ (الْبَائِنُ)

"(قوله: لايلحق البائن البائن ) المراد بالبائن الذي لايلحق هو ما كان بلفظ الكناية؛ لأنه هو الذي ليس ظاهراً في إنشاء الطلاق، كذا في الفتح.  وقيد بقوله: الذي لايلحق إشارة إلى أن البائن الموقع أولاً أعم من كونه بلفظ الكناية أو بلفظ الصريح المفيد للبينونة كالطلاق على مال وحينئذٍ فيكون المراد بالصريح في الجملة الثانية أعني قولهم: والبائن يلحق الصريح لا البائن هو الصريح الرجعي فقط دون الصريح البائن ...  ومنها ما في الكافي للحاكم الشهيد الذي هو جمع كلام محمد في كتبه ظاهر الرواية حيث قال: وإذا طلقها تطليقةً بائنةً ثم قال لها في عدتها: أنت علي حرام أو خلية أو برية أو بائن أو بتة أو شبه ذلك وهو يريد به الطلاق لم يقع عليها شيء؛ لأنه صادق في قوله: هي علي حرام وهي مني بائن اهـ أي لأنه يمكن جعل الثاني خبراً عن الأول، وظاهر قوله: طلقها تطليقةً بائنةً أن المراد به الصريح البائن بقرينة مقابلته له بألفاظ الكناية، تأمل". ( كتاب الطلاق، باب الكنايات ۳/ ۳٠۷ و ۳٠۸ ط:سعيد)

(کتاب الطلاق ،باب الکنایات 3/،306،308 ط سعید)

فتاوی ہندیہ میں ہے:

إذا كان الطلاق بائنا دون الثلاث فله أن يتزوجها في العدة وبعد انقضائها

(کتاب الطلاق،الباب السادس فی الرجعۃ ،فصل فیما تحل بہ المطلقۃ ۱/٤٧٢،٤٧٣  ط رشیدیہ)

 

 

دارالافتاء جامعہ علوم اسلامیہ بنوری ٹاؤن کے فتاویٰ میں ہے:

اگر واقعۃً مذکورہ شخص  نے اپنی بیوی کو تین مرتبہ یہ کہا ہے ’’میں نے تم کو آزاد کیا‘‘ ، اور پھرکہا کہ:’’ماں باپ کے گھر چلی جاؤ ‘‘  تو اس سے اس کی بیوی پر ایک طلاقِ بائن واقع ہوگئی ہے، نکاح ختم ہوچکا ہے، اب اگر فریقین باہمی رضامندی سے دوبارہ ساتھ رہنا چاہیں تو گواہوں کی موجودگی میں نئے مہر کے ساتھ تجدیدِ نکاح کرنا ضروری ہے، البتہ آئندہ کے لیے صرف دو طلاقوں کاحق باقی رہے گا۔

(بیوی کو لفظ آزاد تین مرتبہ کہنا فتویٰ نمبر : 144012201393)

واللہ سبحانہ وتعالیٰ اعلم بالصواب

 

کتاب:طلاق

باب: کنائی الفاظ

فصل:

فتوی نمبر:574

26 جمادی الاولیٰ 1448ھ/7نومبر 2026ء