مدرسہ عارف العلوم
فتوے
بیٹی والدین کی زندگی میں انتقال کرگئی اب اس کی اولاد کا والدین کی جائیداد میں حصہ ہوگا
سوال
: استفتاء / سوالنامہ برائے دار الافتاء
بخدمت جناب مفتی صاحب / دار الافتاء (دامت برکاتہم)
موضوع: تمام ۵ پلاٹوں (واقع آل پاکستان نیوز پیپر ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی - APNEC، کے ڈی اے اسکیم 33، گلزارِ ہجری، کراچی) کے شرعی حصہ داران، تقسیم کا طریقہ کار، اور متوفیان کے تناسخ کی شرعی وضاحت
السلام علیکم ورحمة الله وبركاته
گزارش یہ ہے کہ میں طارق احمد ولد خلیل احمد مرحوم اپنے تمام خاندانی ورثاء کی طرف سے درج ذیل خاندانی جائیداد (واقع آل پاکستان نیوز پیپر ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی - APNEC، کے ڈی اے اسکیم 33، گلزارِ ہجری، کراچی) اور سلسلۂ وفات (تناسخ) پر دار الافتاء سے حتمی شرعی رہنمائی و فتویٰ کا طالب ہوں:
۱۔ خاندانی پلاٹوں کی تفصیلات (کل ۵ پلاٹس - واقع آل پاکستان نیوز پیپر ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی - APNEC، کے ڈی اے اسکیم 33، گلزارِ ہجری، کراچی):
|
شمار |
مالک پلاٹ (متوفی) |
پلاٹ نمبر |
سیکٹر |
رقبہ (گز) |
کیفیت / وضاحت |
|
1 |
خلیل احمد (والد) |
پلاٹ # 151 |
سیکٹر5A/5 |
187.70 |
متوفی والد کا ذاتی پلاٹ |
|
2 |
خلیل احمد (والد) |
پلاٹ # 36 |
سیکٹر5A/5 |
120.00 |
پہلے نغمہ زرین کے نام تھا، ان کی وفات کے بعد والد نے والدہ کی رضامندی سے اپنے نام منتقل کروایا تھا |
|
3 |
شمیمہ بانو (والدہ) |
پلاٹ # 47 |
سیکٹر5A/5 |
210.00 |
متوفیہ والدہ کا ذاتی پلاٹ |
|
4 |
روشن ناز (بہن) |
پلاٹ # 140 |
سیکٹر5A/5 |
120.00 |
متوفیہ غیر شادی شدہ بہن |
|
5 |
سلمیٰ زرین (بہن) |
پلاٹ # 04 |
سیکٹر 5A/4 |
120.00 |
متوفیہ غیر شادی شدہ بہن |
۲۔ خاندان میں بالترتیب وفات کا سلسلہ (کل ۷ متوفیان):
|
ترتیب |
متوفی کا نام و رشتہ / تاریخ وفات |
ورثاء بوقت وفات / تفصیل |
|
1 |
رخسانہ ناز (دختر / بہن) |
شادی شدہ (ورثاء: شوہر محمد رفیق، ۱ بیٹا سید مبشر حسین، ۲ بیٹیاں صبا رفیق، عنبرین رفیق) |
|
2 |
نغمہ زرین (دختر / بہن) |
غیر شادی شدہ |
|
3 |
خلیل احمد (والد) |
بیوہ شمیمہ بانو، 2 بیٹے (طارق، خالد)، 3 بیٹیاں (زیبا، روشن، سلمیٰ) |
|
4 |
شمیمہ بانو (والدہ) |
2 بیٹے (طارق، خالد)، 3 بیٹیاں (زیبا، روشن، سلمیٰ) |
|
5 |
روشن ناز (بہن) |
غیر شادی شدہ |
|
6 |
سلمیٰ زرین (بہن) |
غیر شادی شدہ |
|
7 |
خالد احمد (بھائی) |
شادی شدہ (ورثاء: بیوہ زرقا اسرائیل، ۱ بیٹا محمد بن خالد، ۱ بیٹی جویریہ بنت خالد) |
۳۔ تمام فریقین / ورثاء کی موجودہ تفصیل:
|
شمار |
فریق / نام وارث |
تفصیل قرابت و ورثاء |
|
1 |
طارق احمد |
بیٹا / بھائی (سائل) |
|
2 |
زیبا محمود |
بیٹی / بہن |
|
3 |
ورثاء خالد احمد مرحوم |
زرقا اسرائیل (بیوہ)، محمد بن خالد (بیٹا)، جویریہ بنت خالد (بیٹی) |
|
4 |
ورثاء رخسانہ ناز مرحومہ |
محمد رفیق (شوہر)، سید مبشر حسین (بیٹا)، صبا رفیق (بیٹی)، عنبرین رفیق (بیٹی) |
سوالات برائے مفتی صاحب:
|
۱۔ رخسانہ ناز مرحومہ چونکہ تمام افراد میں سب سے پہلے (2009ء میں) وفات پا چکی تھیں، کیا ان کے ورثاء (شوہر اور بچوں) کا بعد میں وفات پانے والے والد، والدہ یا بہنوں کے کسی بھی پلاٹ / ترکے میں کوئی شرعی حصہ بنتا ہے یا نہیں؟ |
|
۲۔ قرآن و سنت اور فقہ اسلامی کی روشنی میں اس بات کی مکمل اور واضح حکمت کیا ہے کہ رخسانہ ناز مرحومہ کے ورثاء (شوہر اور بچوں) کا بعد میں وفات پانے والے والد، والدہ یا بہنوں کے ترکے میں حصہ نہیں رکھا گیا؟ نیز اگر وہ شرعی طریقے سے الگ ہوتے ہیں تو اس بارے میں اللہ تعالیٰ کا کیا حکم اور ہدایت ہے؟ (برائے مہربانی اس کی ایسی مدلل وضاحت فرمائیں تاکہ پڑھنے کے بعد تمام متعلقین کو مکمل اطمینان حاصل ہو اور کسی کے دل میں کوئی اعتراض یا ناراضگی نہ رہے۔) |
|
۳۔ ان تمام ۵ پلاٹوں میں بالترتیب کون کون سے افراد شرعی حصہ دار بنتے ہیں، نیز تمام ۵ پلاٹوں اور جائیداد کی شرعی تقسیم کا عمل اور طریقہ کار کیا ہوگا؟ |
درخواست گزار / سائل: طارق احمد (متوفیان کا بیٹا اور بھائی)
رابطہ نمبر: _____________________
تاریخ: 10 اکتوبر 2026ء / 28 ربيع الأول 1448هـ
جواب
مسلمان وہ شخص ہے جو اللہ تعالیٰ کے احکامات اور رسول اللہ ﷺ کے فرامین کو صدق دل سے تسلیم کرے اور اس پر عمل کرے ،اللہ تعالیٰ کا کوئی بھی حکم حکمت سے خالی نہیں ہے،لیکن یہ ضروری نہیں ہے کہ ہمیں ہر حکم کی حکمت معلوم بھی ہوجائے ،بعض احکام شرعیہ کی حکمتیں واضح ہونے کی وجہ سے معلوم ہوجاتی ہیں اور بعض کی نہیں ،لیکن مسلمان کی شان یہ ہے کہ اس کے سامنے جب کوئی حکم شرعی آجائے تو وہ سر تسلیم خم کردے،اپنی گردن جھکادے اور بےچون چرا اس کے حکم کو مانے اگر وہ ایسا نہیں کرتا بلکہ وہ دینی حکم پر اعتراض کرتا ہے تو اس کا اسلام پر قائم رہنا بھی مشکوک ہوجاتا ہے اور ایسا شخص کفر کی سرحد کے قریب ہوجاتا ہے(العیاذ باللہ)۔
دنیا کے حکمرانوں کے اوامر اور احکام کی حکمتیں اگر کسی شخص پر ظاہر نہ ہوں اور وہ یہ کہے کہ جب تک ان احکام کی حکمتیں ظاہر نہیں ہوتی اس وقت تک میں ان پر عمل نہیں کروں گا تو ایسا شخص باغی وقت کہلائے گا اور سزا کا مستحق ہوگا جب معمولی حاکم کے احکامات کی حکمتیں معلوم نہ ہونے کے باوجود ان احکامات پر عمل ضروری ہوتا ہے تو اللہ تعالیٰ کے احکامات پر اس وجہ سے عمل نہ کرنا کہ ہماری ناقص عقل میں اس کی حکمت واضح نہیں یہ بھی دین اسلام سے غداری ہے۔
شریعت مطہرہ کا اصول یہ ہے کہ اگر کسی بیٹے /بیٹی کا انتقال اپنے والدین کی زندگی میں ہوجاتا ہے تو وہ بیٹا/بیٹی اور ان کی اولاد اپنے والدین کے ترکہ میں حصہ دار نہیں ہوں گے،بلکہ والدین کا تمام ترکہ ان کے انتقال کے وقت موجود زندہ اولاد میں تقسیم کیا جاتا ہے۔
صورت مسؤلہ میں رخسانہ ناز کا انتقال اپنے والدین کی زندگی میں ہوا اور دیگر بہن بھائیوں کی وفات سے پہلے اس کا انتقال ہوا ہے ،اس لئے رخسانہ ناز اور ان کے ورثاء( یعنی شوہر ،بیٹا، دو بیٹیاں) اپنے والدین یا بہن بھائیوں کے ترکہ میں حصہ دار نہ ہوں گے ، اگر رخسانہ ناز کے ورثاء سوال میں مذکورہ مرحومین کی جائیداد میں مطالبہ کرتے ہیں یا ان کے کسی حصہ پر قبضہ کرتے ہیں تویہ فعل شرعاً ناجائز اور حرام ہے اور ایسا کرنے سے رخسانہ ناز کے ورثاء عنداللہ مجرم ہوں گے۔البتہ اگر مذکورہ مرحومین کے ورثاء( یعنی طارق ،زیبا محمود ،مرحوم خالد کے ورثاء) اپنی خوشی سے رخسانہ ناز کی اولاد کوکچھ حصہ دینا چاہتے ہیں تو یہ شرعاً درست ہے۔
سوال میں مذکورمرحوم خلیل احمد کے انتقال کے وقت ان کے ورثاء میں ان کی بیوہ (شمیمہ بانو) دو بیٹے (طارق،خالد)اور تین بیٹیاں(سلمیٰ زرین،روشن ناز،زیبا محمود ) حیات تھیں،پھر شمیمہ بانو کا انتقال ہوا،اس کے بعد روشن ناز کا انتقال ہوا(اور یہ غیر شادی شدہ تھیں)پھر اس کے بعد سلمیٰ زرین (یہ بھی غیر شادی شدہ تھیں)کا انتقال ہوا،پھر اس کے بعد خالد کا انتقال ہوا ،اور اب مرحوم خلیل احمد ،مرحومہ شمیمہ بانو،مرحومہ روشن ناز،مرحومہ سلمیٰ رزین ،کے موجودہ ورثاءمیں طارق ،زیبا محمود،مرحوم خالد کی بیوہ (زرقا)،مرحوم خالد کا بیٹا (محمد)اور مرحوم خالد کی بیٹی(جویریہ) حیات ہیں،لہذا مذکورہ مرحومین کا ترکہ ان ورثاء میں تقسیم کیا جائے گا ۔
مرحومین کے ترکہ کو تقسیم کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ مرحومین کے حقوق مقدمہ یعنی تجہیز وتکفین کا خرچہ نکالنے کے بعد ،اگر مرحومین پر کوئی قرضہ ہو تو اسے ادا کرکے ،اور اگر مرحومین نے کوئی جائز وصیت کی ہو تو اسے ایک تہائی مال سے نافذ کرکے بقیہ کل جائیداد منقولہ وغیر منقولہ کو 60 حصوں میں تقسیم کیا جائے،طارق کو 24 حصے،زیبا محمود کو 12 حصے،مرحوم خالدکی بیوہ (زرقا)کو 3حصے،مرحوم خالدکے بیٹے(محمد بن خالد)کو 14 حصے اور مرحوم خالد کی بیٹی (جویریہ بنت خالد )کو 7حصے ملیں گے۔
یعنی مرحومین کی جائیدادمیں سے طارق کو 40 فیصد حصہ،زیبا محمود کو 20 فیصد حصہ،مرحوم خالد کی بیوہ (زرقا) کو 5 فیصد حصہ،مرحوم خالد کے بیٹے(محمد) کو 23.33فیصد حصہ اور مرحوم خالد کی بیٹی (جویریہ)کو 11.66 فیصد حصہ ملے گا۔
مشکاۃ المصابیح میں ہے:
"عن سعيد بن زيد قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: «من أخذ شبراً من الأرض ظلماً؛ فإنه يطوقه يوم القيامة من سبع أرضين".
( کتاب البیوع باب الغصب والعارية،۲/٨٨٧ رقم ٢٩٣٨ ط المکتب الاسلامی)
ترجمہ:" حضرت سعید بن زید رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جو شخص(کسی کی) بالشت بھر زمین بھی از راہِ ظلم لے گا، قیامت کے دن ساتوں زمینوں میں سے اتنی ہی زمین اس کے گلے میں طوق کے طور پرڈالی جائے گی۔"
وَعَن أبي حرَّة الرقاشِي عَن عَمه قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم: «أَلا تَظْلِمُوا أَلَا لَا يَحِلُّ مَالُ امْرِئٍ إِلَّا بِطِيبِ نَفْسٍ مِنْهُ» . رَوَاهُ الْبَيْهَقِيُّ فِي شُعَبِ الْإِيمَان وَالدَّارَقُطْنِيّ فِي الْمُجْتَبى
(کتاب البیوع ،باب الغصب والعاریۃ ٢/٨٨٩ رقم ٢٩٤٦ ط المکتب الاسلامی)
ترجمہ:حضورﷺ نے ارشاد فرمایا کہ خبردار تم کسی پر ظلم مت کرو کسی آدمی کے لئے حلال نہیں کہ وہ کسی دوسرے کا مال اس کی اجازت کے بغیر استعمال کرے۔
وَعَنْهُ قَالَ: سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم يَقُولُ: «أَيُّمَا رَجُلٍ ظَلَمَ شِبْرًا مِنَ الْأَرْضِ كَلَّفَهُ اللَّهُ عز وجل أَنْ يَحْفِرَهُ حَتَّى يَبْلُغَ آخِرَ سَبْعِ أَرَضِينَ ثُمَّ يُطَوَّقَهُ إِلَى يَوْمِ الْقِيَامَةِ حَتَّى يُقْضَى بَيْنَ النَّاس» . رَوَاهُ أَحْمد
(کتاب البیوع ،باب الغصب والعاریۃ ٢/٨۹۲ رقم ٢٩۶۰ ط المکتب الاسلامی)
ترجمہ:حضورﷺ نے ارشاد فرمایا کہ جس شخص نے کسی کی زمین ایک بالشت بھر بھی ظلماً قبضہ کرلی کل قیامت کے دن اللہ تعالی اس قبضہ کرنے والے کو اس بات کا مکلف بنائیں گیں کہ وہ سات زمینیں تک مٹی کھود کر اس کے گلے کا طوق بنادیا جائے گا۔
واللہ سبحانہ وتعالیٰ اعلم بالصواب
|
کتاب:فرائض |
باب: ترکہ اور اس کا استحقاق |
|
|
|
فتوی نمبر:573 |
22 جمادی الاولیٰ 1448ھ/3نومبر 2026ء |
||
